افغان سرحد سے تاجکستان پر ڈرون حملہ، 3 چینی شہری ہلاک ہوگئے

تازہ ترین

تازہ ترین

تاجکستان
(فوٹو: بزنس ریکارڈر)

افغانستان کی طالبان حکومت دہشت گردوں کو سرحد پار حملوں سے باز نہ رکھ سکی، افغان سرحد سے تاجکستان پر ڈرون حملے کے نتیجے میں 3 چینی شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان سے 26نومبر کی شب تاجکستان کی سرحد پر ڈرون حملہ ہوا، تاجک حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں 3 غیر ملکی شہری ہلاک ہوئے جن کا تعلق چین سے  ہے جبکہ یہ واقعہ تاجکستان کے صوبے ختلان کے ضلع شمس الدین شاہین کے نزدیک پیش آیا۔

تاجک حکام کا کہنا ہے کہ حملے سے متاثرہ علاقہ شمس الدین شاہین اور افغان صوبے بدخشاں کے ضلع شہر بزرگ کے درمیان سرحدی علاقے میں واقع ہے۔ واقعے کی مذمت میں جاری تاجک وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ افغانستان سے تاجکستان کے جنوب میں چینی کمپنی کو ڈرون حملے سے نشانہ بنایا گیا۔

وزارتِ خارجہ (تاجکستان) کا کہنا ہے کہ افغانستان سے ہونے والے حملے میں ہلاک شہری چینی کمپنی کے ملازمین تھے جبکہ تاجک حکومت سرحدی علاقوں میں امن و استحکام اور سلامتی برقرار رکھنے کیلئے مسلسل کوشاں ہے، جبکہ افغانستان کے اندر مجرمانہ گروہوں کی تخریبی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں۔

دوسری جانب چین نے بھی تاجکستان پر افغان سرحد سے کیے گئے حملے کی مذمت کی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ افغان عسکریت پسند تاجکستان کی سرحد کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

Related Posts