کراچی: شہر قائد میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی شدید صورتحال سے نمٹنے کے لئے پاک فوج بھی میدان میں آ گئی ہے۔
کور فائیو کی انجینئرنگ ٹیم ہیوی پمپنگ مشینوں اور بوٹس کے ساتھ غریب آباد انڈر بائی پاس پہنچی، جہاں وہ پانی کی نکاسی کے کام میں مقامی انتظامیہ کی معاونت کر رہی ہے۔
اس موقع پر پاک فوج کے اہلکاروں نے اسسٹنٹ کمشنر اور واٹر بورڈ کے عملے کے ساتھ مل کر پانی نکالنے کا عمل شروع کیا۔
ہیوی مشینری اور جدید آلات کی مدد سے زیرِ آب علاقوں کو کلیئر کرنے کی کوشش جاری ہے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا فوری خاتمہ کیا جا سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر محمد سبحان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ، واٹر بورڈ اور فوج کی مشترکہ کوششوں سے صورتحال پر قابو پایا جا رہا ہے۔
ان کے مطابق شام تک ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تمام متاثرہ علاقوں سے پانی نکال دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت شہریوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔
کراچی میں شدید بارشوں کے بعد کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے تھے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی، کاروباری سرگرمیوں اور شہری زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔
فوج کی شمولیت کو شہریوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے اور عوام کو امید ہے کہ جلد ہی معمولاتِ زندگی بحال ہو جائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








