اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے لیے محمود خان اچکزئی کا نام تجویز کر دیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق یہ تجویز ایڈووکیٹ علی بخاری کے ساتھ ملاقات کے دوران سامنے آئی، جہاں بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ موجودہ سیاسی حالات میں اچکزئی موزوں امیدوار ثابت ہو سکتے ہیں۔حتمی فیصلہ پارٹی کی سیاسی کمیٹی کرے گی جسے اس حوالے سے مکمل اختیار دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کے لیے بھی مشاورت جاری ہے اور اس سلسلے میں اعظم سواتی اور علی ظفر کے نام زیر غور لائے گئے ہیں، جن میں سے اعظم سواتی کو ان کے سینئر سیاسی مقام کی وجہ سے زیادہ موزوں قرار دیا جا رہا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی نے ہدایت کی ہے کہ چھ سے سات نام تجویز کر کے سیاسی کمیٹی کے سامنے رکھے جائیں تاکہ ان میں سے کسی ایک پر اتفاق رائے کیا جا سکے۔ اسی طرح ضمنی انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کے حوالے سے بھی فیصلہ کمیٹی کے مشورے سے کیا جائے گا۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا ہے کہ آئندہ تمام اہم فیصلے کمیٹی میں رکھے جائیں گے اور مشاورت کے بعد ہی حتمی نتیجے پر پہنچا جائے گا۔
دوسری جانب پشاور ہائی کورٹ نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں موجودہ اپوزیشن لیڈرز کو ہٹانے کے خلاف حکم امتناع جاری کر دیا ہے جس کے باعث اپوزیشن قیادت کے مستقبل پر قانونی اور سیاسی بحث مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








