اسلام آباد: ملک بھر میں شدید بارشوں کے باعث متاثر ہونے والی انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے ترجمان کے مطابق ملک بھر میں انٹرنیٹ کی فراہمی معمول کے مطابق ہو گئی ہے اور صارفین اب بلا تعطل سہولت سے استفادہ کر سکتے ہیں۔
گزشتہ روز شام سے شروع ہونے والی بارشوں کے بعد بڑے شہروں سمیت ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز میں رکاوٹیں پیش آئیں۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور کے شہری شدید متاثر ہوئے، جہاں صارفین کو انٹرنیٹ کی سست رفتاری، کنکشن ڈراپ اور آن لائن سہولیات کی مکمل معطلی کا سامنا رہا۔
اس صورتحال نے نہ صرف عام افراد بلکہ آن لائن کام کرنے والوں اور کاروباری طبقے کو بھی شدید مشکلات سے دوچار کیا۔
پی ٹی سی ایل کے مطابق سروس میں آنے والی بڑی رکاوٹ کو تکنیکی ماہرین نے ہنگامی بنیادوں پر دور کیا اور تمام سسٹمز کو بحال کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اب آپریشنز معمول کے مطابق ہیں اور صارفین کو انٹرنیٹ فراہمی میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن شزا فاطمہ نے بھی اس صورتحال کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ماہرین اصل وجوہات جاننے اور مستقبل میں ایسے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جیسے ہی تفصیلی رپورٹ مکمل ہوگی عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔
انٹرنیٹ کی معطلی نے ایک بار پھر پاکستان کے آئی ٹی انفراسٹرکچر پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ایسے حالات میں جب بڑی تعداد میں افراد دور بیٹھ کر کام کرتے ہیں، آن لائن تعلیم حاصل کرتے ہیں، ای کامرس سے جڑے ہیں یا بیرونِ ملک رشتہ داروں سے رابطے میں رہتے ہیں، انٹرنیٹ کی بندش شدید اثرات مرتب کرتی ہے۔
اب جبکہ سروسز بحال ہو گئی ہیں، صارفین کو کچھ حد تک ریلیف ملا ہے لیکن یہ واقعہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ملک میں ڈیجیٹل سہولیات کو مستحکم اور محفوظ بنانے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








