محبت اور کشش کا راز سمجھنا ہمیشہ سے ایک پیچیدہ موضوع رہا ہے۔ سائنسدانوں نے اسے سمجھنے کی بہت کوشش کی لیکن یہ ایک ایسی حقیقت ہے جو ہر شخص اور حالات کے لحاظ سے مختلف ہوتی ہے تاہم کئی سائنسی تحقیقیں ایسی خصوصیات کو سامنے لا چکی ہیں جو خواتین کو مردوں کی طرف راغب کرتی ہیں۔ یہ خصوصیات نہ صرف ظاہری بلکہ اندرونی شخصیت سے بھی جڑی ہوتی ہیں۔
بڑی عمر اور پختگی
تحقیق کے مطابق خواتین اکثر بڑی عمر کے مردوں کی طرف زیادہ مائل ہوتی ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بڑی عمر کے مرد عام طور پر تجربہ کار، سنجیدہ اور عقل مند ہوتے ہیں۔ یونیورسٹی آف ڈنڈی کی ماہر نفسیات فیونا مور کی ایک تحقیق سے پتا چلا کہ جیسے جیسے خواتین مالی طور پر خود مختار ہو رہی ہیں وہ مضبوط شخصیت اور پختہ سوچ والے مردوں کو ترجیح دیتی ہیں۔ عمر کا فرق اب تعلقات میں کم اہمیت رکھتا ہے کیونکہ خواتین ایسی شخصیات کی قدر کرتی ہیں جو اعتماد اور دانشمندی سے بھرپور ہوں۔
ہلکی داڑھی اور صاف ستھرا انداز
نیو ساؤتھ ویلز یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق خواتین ہلکی داڑھی والے مردوں کو زیادہ پرکشش سمجھتی ہیں۔ ہلکی اور سجی سنوری داڑھی مردوں کو نہ صرف باوقار بناتی ہے بلکہ یہ ایک عالمی فیشن بھی بن چکی ہے۔ یہ انداز صاف ستھرے اور پروفیشنل لُک کو ظاہر کرتا ہے جو خواتین کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔
نرم مزاجی اور شائستگی
خواتین ایسی شخصیات کی طرف زیادہ راغب ہوتی ہیں جو نرم مزاج خیال رکھنے والی اور شائستہ ہوں۔ Rutgers یونیورسٹی کی ماہر بشریات ہیلی ای فشر کے مطابق خواتین ان مردوں کو پسند کرتی ہیں جو ان کی بات کو غور سے سنیں انہیں سمجھیں اور انہیں اپنے خیالات کے اظہار کا موقع دیں۔ زبردستی یا جارحانہ رویہ خواتین کو کم پرکشش لگتا ہے۔
شخصیت کی اہمیت
ایک زمانہ تھا جب یہ سمجھا جاتا تھا کہ مہنگے کپڑوں یا پرتعیش گاڑیوں والے مرد ہی خواتین کی توجہ حاصل کرتے ہیں لیکن اب تحقیق بتاتی ہے کہ اصل کشش آپ کی شخصیت میں ہوتی ہے۔ اگر آپ سادہ لباس میں بھی پراعتماد ہیں اور آپ کا رویہ مثبت ہے تو آپ خواتین کے لیے پرکشش ہو سکتے ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق یہ ضروری نہیں کہ آپ لگژری گاڑی چلائیں یا مہنگے کپڑے پہنیں بلکہ آپ کا اعتماد اور انداز ہی آپ کو نمایاں کرتا ہے۔
سائنسی تحقیق سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ خواتین کی پسندیدگی کا دارومدار صرف ظاہری شکل پر نہیں بلکہ شخصیت، رویے اور ذہنی پختگی پر ہوتا ہے۔ وہ مرد جو شائستہ، خیال رکھنے والے، پراعتماد اور مثبت مزاج کے حامل ہوں خواتین کے دلوں میں خاص جگہ بناتے ہیں۔ محبت اور کشش کا راز سمجھنا مشکل ضرور ہے لیکن یہ خصوصیات یقینی طور پر اس کشش کو بڑھاتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








