پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسی نے اہم خفیہ آپریشن کے دران بڑا کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے دہشت گرد تنظیم داعش خراسان کے آفیشل میڈیا ونگ الاعظائم فاؤنڈیشن کے بانی خارجی سلطان عزیز اعظام کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ یہ کارروائی داعش کے بین الاقوامی نیٹ ورک کیلئے بڑا سانحہ قرار دی جارہی ہے۔
قومی خبر رساں ادارے اے پی پی کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد سلطان عزیز اعظؔام داعش خراسان کی سرگرمیوں، پراپیگنڈا مشینری اور بھرتیوں کے عالمی نیٹ ورک کا اہم حصہ تھا، گرفتاری کے بعد دہشت گرد تنظیم کے میڈیا پلیٹ فارمز اور پراپیگنڈا سرگرمیاں بھی معطل ہو کر رہ گئیں۔
سلطان عزیز الاعظائم فاؤنڈیشن کو چلاتا تھا جو داعش خراسان کی بھرتی، دہشت گردی پر اکسانے والا نظریاتی مواد اور عالمی پراپیگنڈے کا بنیادی عنصر تھی، اس کے ذریعے نوجوانوں کو دہشت گردی کی جانب مائل کرکے داعش کیلئے خودکش بمبار بنانے کی ترغیب دی جاتی تھی۔
پاکستانی خفیہ ادارے کی کارروائی کے بعد وائس آف خراسان سمیت داعش خراسان کے اہم میڈیا پلیٹ فارمز بھی غیر فعال ہوگئے۔ اقوامِ متحدہ کی تجزیاتی سپورٹ اینڈ سیکشنز مانیٹرنگ ٹیم نے 16ویں رپورٹ میں تصدیق کی کہ پاکستانی انٹیلی جنس کی کارروائیوں کے باعث داعش خراسان کا تنظیمی ڈھانچہ بین الاقوامی سطح پر کمزور ہوا۔
تجزیاتی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے داعش خراسان کے اہم دہشت گردوں کو گرفتار کیا، تنظیم کے جنگجو واضح طور پر کم ہوئے، متعدد منصوبہ بند حملے بھی ناکام بنائے گئے، نظریاتی رہنماؤں اورکمانڈرز کو مار گرایا گیا۔ مئی 2025 میں سلطان عزیز اور سینئر رہنما ابو یاسر الترکی کی گرفتاریاں داعش کے آپریشنل اسٹرکچر کو پہنچنے والے شدید نقصان کی غماز ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








