تاشقند: ازبکستان میں جاری ایف آئی وی بی انڈر 19 بوائز والی بال ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستان نے نے عالمی درجہ بندی میں ساتویں نمبر پر موجود مضبوط حریف بلجیم کو تین صفر سے شکست دیدی۔
میچ کے سیٹ اسکورز 25، 19، 25، 17 اور 25، 22 رہے، جن سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے ہر سیٹ میں اپنی برتری برقرار رکھی۔ عالمی سطح پر انیسویں نمبر پر موجود پاکستان کی یہ فتح ایک بڑا اپ سیٹ قرار دی جا رہی ہے۔
پاکستان ٹیم کے کپتان یحییٰ نے نہایت پُرسکون اور مؤثر کھیل پیش کرتے ہوئے 11 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ پاکستان کے سب سے کامیاب کھلاڑی سعود نے 13 پوائنٹس اپنے نام کیے۔ ان میں نو حملے اور چار بلاکس شامل تھے، جنہوں نے بلجیم کے حملوں کو مؤثر طریقے سے روکا۔
پاکستان نے میچ کے تمام پہلوؤں میں بلجیم پر واضح برتری حاصل کی۔ ٹیم نے مجموعی طور پر 32 کامیاب حملے، 11 بلاکس اور دو سروس پوائنٹس حاصل کیے جبکہ بلجیم صرف 28 حملے، 6 بلاکس اور ایک سروس پوائنٹ حاصل کر سکا۔ اس کے علاوہ بلجیم کی غلطیوں سے پاکستان کو 30 اضافی پوائنٹس بھی ملے۔
پاکستان کی نیٹ پر کنٹرول اور دفاعی حکمت عملی نے بلجیم کے حملوں کو ناکام بنایا، جو اس فتح کی اہم وجہ ثابت ہوئی۔ اب پاکستان اپنا اگلا گروپ میچ میزبان ٹیم ازبکستان کے خلاف کل کھیلے گا جہاں ٹیم اپنی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
یہ تاریخی کامیابی پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کی محنت، ٹیم ورک اور جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہے جو مستقبل میں عالمی سطح پر مزید کامیابیوں کی نوید دے رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








