کپتان سمیت پاکستانی کرکٹرز کی ویمن ٹیم کی کھلاڑیوں سے ملاقات میں کیا گفتگو ہوئی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

کرکٹ ٹیم ملاقات
(فوٹو: آن لائن)

کپتان بابر اعظم سمیت پاکستانی کرکٹرز نے ویمن ٹیم کی کھلاڑیوں سے ملاقات کی ہے جس کے دوران کرکٹ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔

پاکستانی مینز کرکٹرز نے لیڈز میں واقع ٹیم ہوٹل میں پاکستانی ویمنز ٹیم کی کھلاڑیوں سے ملاقات کی جن میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، فاسٹ بولر شاہین آفریدی، سینئر منیجر وہاب ریاض اور دیگر کھلاڑی شامل تھے۔

ملاقات کے دوران قومی مینز ٹیم کے کھلاڑیوں نے ویمن کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انگلینڈ کے دورے کے دوران بقیہ میچز کیلئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ قومی ویمن ٹیم آج انگلینڈ کے خلاف تیسرا ٹی 20 میچ کھیلے گی۔

انگلینڈ کے خلاف ٹی 20سیریز کا یہ تیسرا میچ لیڈز کے ہیڈنگلے گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا جبکہ مینز ٹیم بھی انگلینڈ کے خلاف ہی 4 ٹی 20 میچز کی سیریز کا پہلا میچ کھیلنے کیلئے لیڈز پہنچی تھی۔ دونوں ٹیمیں پہلا میچ 22 مئی کو کھیلیں گی۔

انگلینڈ کے خلاف 22مئی کو میچ کھیلنے جانیوالی ٹیم میں کپتان بابر اعظم کے علاوہ فخر زمان، عرفان خان، صائم ایوب، عثمان خان، سلمان علی آغا، افتخار احمد، عماد وسیم، شاداب خان، اعظم خان، محمد رضوان، عباس آفریدی اور ابرار احمد شامل ہیں۔

ٹیم میں حارث رؤف، حسن علی، محمد عامر، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی بھی شامل ہیں۔ چار میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ 25 جبکہ تیسرا 28 مئی کو کھیلا جائے گا جس میں کرکٹ ٹیم سے بہترین کارکردگی کی توقع کی جارہی ہے۔

Related Posts