تیسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر ایک بار پھر بیٹنگ کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے مہمان ٹیم کو دوسرا ٹی 20 میچ ہرا کر سیریز اپنے نام کرلی تھی، کینگروز وائٹ واش سے بچنے کیلئے آج کا میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے ٹاس جیتنے کے موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، فخر زمان، خواجہ نافع اور شاہین آفریدی فائنل الیون میں شامل ہوگئے ہیں۔
کپتان سلمان آغا نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، عثمان طارق اور عثمان خان کو شامل نہیں کیا گیا۔ پاکستان کے پاس 5 عالمی سطح کے اسپنرز موجود ہیں جبکہ وکٹ پہلے 10 اوورز کے بعد سلو ہوجاتی ہے۔
سلمان آغا کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ پاکستان پاور پلے میں زیادہ رنز بنائے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں بھی آسٹریلیا کو شکست دے کر سات سال بعد سیریز اپنے نام کی تھی۔ قومی ٹیم نے گزشتہ روز دوسرے میچ میں آسٹریلیا کو 90 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز اسکور کیے۔سلمان آغا 76 رنز بناکر نمایاں رہے۔جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم 16 ویں اوور میں 108 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








