ساف چیمپین شپ میں پاکستان کا غلبہ، سری لنکا کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

ساف چیمپین شپ
(فوٹو: ایکسپریس نیوز)

پاکستان کی انڈر-17 فٹبال ٹیم نے ساف چیمپئن شپ2024 میں سری لنکا کو 1-5 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ انڈر 17 کا یہ میچ بھوٹان کے دشاراتھ اسٹیڈیم میں ہوا، جہاں پاکستانی ٹیم نے شروع سے ہی اپنی برتری ثابت کی۔

تفصیلات کے مطابق پہلا گول سبحان کریم نے کیا، جو میچ کے آغاز میں ہی پاکستان کو برتری دلانے میں کامیاب رہے۔ محمد طلحہ نے ایک شاندار ہیڈر کے ذریعے دوسرا گول کیا اور برتری مستحکم کردی۔ سبحان کریم نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا دوسرا گول بھی جلد ہی کیا، جس سے پاکستان کی برتری 3-0 ہوگئی۔

پہلے ہاف کے بعد پاکستان نے کھیل پر مزید کنٹرول حاصل کیا اور دوسرے ہاف میں مزید 2 گول کیے۔ چوتھا گول سری لنکن ٹیم نے خود اپنی ہی ٹیم کے خلاف کیا، جو سری لنکن دفاع پر دباؤ کی وجہ سے ہوا، جس میں سبحان کریم کا اہم کردار تھا۔ کراچی یونائیٹڈ کے عبدالغنی نے پانچواں اور آخری گول کیا، جسے ایک طاقتور کک سے اسکور کیا گیا۔

سری لنکا نے آخری لمحات میں ایک گول کرکے کچھ واپسی کی کوشش کی، لیکن پاکستانی ٹیم کی مجموعی برتری کو کوئی نقصان نہ پہنچا۔ اس شاندار جیت کے بعد، پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا اور اپنے گروپ میں سرِفہرست آنے کے قریب ہے۔ اب یہ دیکھنا ہوگا کہ بھوٹان اگر نیپال کو دو گول سے شکست دیتا ہے تو میزبان ٹیم گروپ کی قیادت کرے گی۔

پاکستان کی اس فتح نے سیمی فائنل کے لیے امیدیں بلند کر دی ہیں، اور ٹیم کی تیاری اور محنت کا ثبوت دیتے ہوئے شائقین کو مزید کامیابیوں کی توقعات وابستہ ہیں۔ قومی ٹیم انڈر 17 ٹیم کی شاندار کارکردگی نے پاکستانی شائقین کے دل موہ لیے۔

Related Posts