شیریں مزاری اور عمران اسماعیل کا امریکی سفارت خانے سے معافی مانگنے کا مطالبہ

تازہ ترین

تازہ ترین

شیریں مزاری اور عمران اسماعیل کا امریکی سفارت خانے سے معافی مانگنے کا مطالبہ
شیریں مزاری اور عمران اسماعیل کا امریکی سفارت خانے سے معافی مانگنے کا مطالبہ

کراچی / اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے امریکی سفارت خانے سے ایک متنازعہ ری ٹویٹ پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ امریکی سفارت خانہ ایک فردِ جرم عائد شدہ مفرور کی حمایت میں ٹرمپ کی طرح کام کر رہا ہے جو پاکستان کےاندرونی معاملات میں دخل اندازی ہے۔

پیغام میں وزیرِ انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ ایسے نظریات صدیوں پہلے دفن ہو گئے، امریکی سفارت خانے کو سفارتی آداب کا احترام کرنا ہوگا، جس ری ٹویٹ کی بات کی جارہی ہے، اگر وہ جعلی ہے تو ٹوئٹر کے ذریعے وضاحت کی جائے اور اگر ری ٹویٹ امریکی سفارت خانے نے ہی کیا ہے، تو اسے معافی مانگنا ہوگی۔ 

دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی متنازعہ ری ٹویٹ  کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف امریکی سفارت خانہ کوئی ری ٹویٹ کیسے کر سکتا ہے؟ یہ سفارتی آداب کے خلاف ہے جس پر معذرت ضروری ہے اور اگر سفارتی اکاؤنٹ ہیک کیا گیا ہے تو وضاحت کی جائے۔ 

گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر شیریں مزاری نے جس ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے وہ ن لیگی رہنما کا وزیرِ اعظم  کے خلاف  پیغام تھا جس میں عمران خان پر آمریت کا الزام لگایا گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے  11 ہزار ارب قرض لے کر پھونک دیا۔احسن اقبال

Related Posts