نوٹم جاری، پاکستان نے بھارتی طیاروں کیلئے اپنی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کردی

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی فوٹو

پاکستان نے بھارتی ہوائی جہازوں کے لیے اپنی فضائی حدود بند رکھنے کی مدت 23 دسمبر تک بڑھا دی ہے۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری ہونے والے نئے نوٹم کے مطابق تمام بھارتی مسافر اور عسکری طیاروں کے لیے فضائی حدود بند رہیں گی۔

پاکستان نے بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود 23 اپریل 2025 سے بند رکھی ہوئی ہیں۔ اس بندش کی وجہ سے بھارتی ایئر لائنز کو اربوں روپے کے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایئر انڈیا بھارتی حکومت پر دباؤ ڈال رہی ہے کہ وہ چین سے اجازت حاصل کرے تاکہ حساس فوجی فضائی علاقے کو استعمال کر کے پرواز کے راستے مختصر کیے جا سکیں، کیونکہ پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے سے بھارتی ایئر لائنز پر مالی بوجھ بڑھ گیا ہے۔

پاکستانی فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے ایئر انڈیا کی مغربی ممالک کے لیے پروازوں کے ایندھن کے اخراجات بڑھ گئے ہیں اور سفر کے اوقات تقریباً تین گھنٹے زیادہ ہو گئے ہیں۔ نتیجتاً ایئر لائن بھارتی حکومت کو قائل کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ چین کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔

یہ غیر معمولی درخواست ایسے وقت سامنے آئی ہے جب بھارت اور چین کے درمیان براہِ راست پروازیں پانچ سال کی بندش کے بعد چند ہفتے قبل دوبارہ بحال ہوئی ہیں، جس کی وجہ دونوں ممالک کے درمیان سرحدی تنازعات تھے۔

Related Posts