بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، ایران سب پیچھے، مہنگے پٹرول میں پاکستان آگے

تازہ ترین

تازہ ترین

پٹرول نوزل، فائل فوٹو
پٹرول نوزل، فائل فوٹو

علاقائی سطح پر پیٹرول کی قیمتوں کے تقابلی جائزے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ پاکستان میں اس وقت خطے کے کئی ہمسایہ ممالک کے مقابلے میں پیٹرول مہنگا فروخت ہو رہا ہے، جس کے باعث پہلے ہی مہنگائی کے دباؤ کا شکار عوام کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں پیٹرول کی قیمت تقریباً 414 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہے، جو خطے کے متعدد ممالک سے نمایاں طور پر زیادہ بتائی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سری لنکا میں پیٹرول تقریباً 370 روپے، چین میں 360 روپے، بھارت میں 302 روپے جبکہ بنگلہ دیش میں 288 روپے فی لیٹر کے قریب دستیاب ہے۔ افغانستان اور مالدیپ میں بھی پیٹرول کی قیمتیں پاکستان کے مقابلے میں کم بتائی گئی ہیں۔

دوسری جانب ایران میں حکومتی سبسڈی کے باعث مقامی سطح پر ایندھن کی قیمتیں اب بھی انتہائی کم ہیں۔

پاکستان میں پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتیں عوام کے لیے تشویش کا باعث بنتی جا رہی ہیں، کیونکہ ایندھن مہنگا ہونے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھتے ہیں بلکہ مہنگائی میں بھی اضافہ ہوتا ہے اور گھریلو بجٹ پر اضافی بوجھ پڑتا ہے۔

ماہرینِ معیشت کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، روپے کی قدر میں کمی اور حکومتی ٹیکس پالیسیوں جیسے عوامل ملک میں پیٹرول کی قیمتوں پر براہِ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر بھی عوامی ردِعمل میں شدت دیکھی جا رہی ہے، جہاں متعدد صارفین پاکستان اور پڑوسی ممالک کے درمیان پیٹرول کی قیمتوں کے بڑھتے فرق پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔

Related Posts