ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ ہوگا، ورلڈ کپ دیکھنے والے کرکٹ شائقین کو بڑی خوشخبری مل گئی جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی پاکستان کو منانے کی کوششیں جاری ہیں۔ غالب امکان یہ ہے کہ پاکستان اپنی شرائط منوا کر بھارت سے میچ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کردے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے اور پاک بھارت میچ کا حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔ پی سی بی نے آئی سی سی کو واضح کیا ہے کہ میچ کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ حکومت کرے گی۔
حال ہی میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی جس کے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت اور بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ ہوا۔ لاہور میں اتوار کی رات 4 گھنٹوں تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد معاملات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔
تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ پاک بھارت میچ کا حتمی اختیار وزیراعظم کے پاس ہے، تاہم آئی سی سی کے علاوہ سری لنکا اور یو اے ای بھی پاکستان سے اس فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کرچکے ہیں جبکہ آئی سی سی کے ساتھ مذاکرات کے عمل میں بنگلہ دیشی بورڈ کے سربراہ بھی شریک رہے۔
اب تک ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی کو بتا دیا کہ حتمی فیصلہ پاکستان کرے گا۔ عمران خواجہ نے پاکستان کا مؤقف آئی سی سی بورڈ ممبران کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کروادی۔ اماراتی بورڈ کے مبشر عثمانی بھی مذاکرات کے دوران ویڈیو لنک پر شریک ہوئے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








