پنجاب حکومت نے صوبے کی پہلی سرکاری فضائی کمپنی ایئر پنجاب (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے قیام کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرصدارت منعقدہ کابینہ اجلاس میں کیا گیا جس میں متعدد اہم منصوبوں پر بھی غور اور منظوری دی گئی۔
ایئر پنجاب کو صوبائی انتظامیہ کے تحت چلایا جائے گا جس کا مقصد شہریوں کو سستی، محفوظ اور قابلِ اعتماد فضائی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
یہ ایئرلائن نہ صرف پنجاب کے مختلف شہروں کے درمیان پروازیں چلائے گی بلکہ پاکستان کے دیگر بڑے شہروں تک بھی اپنی سروسز پھیلائے گی۔
کابینہ اجلاس میں مزید کئی اہم اقدامات کی منظوری بھی دی گئی جن میں سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے اسکول ٹیچر انٹرنز کی بھرتی کا فیصلہ شامل ہے۔
اسی کے ساتھ پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف امویبل پراپرٹی آرڈیننس 2025 کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ ہائی ٹیک فارمنگ فنانس پروگرام کی بھی منظوری دی گئی جس کے تحت جدید زرعی مشینری کی فراہمی کے لیے کسانوں کو مالی معاونت دی جائے گی۔
علاوہ ازیں وزیراعظم کے کیش لیس اسٹریٹیجی پروگرام کے تحت دکانداروں کے لیے کیو آر کوڈز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
کابینہ نے لاہور تا راولپنڈی ہائی اسپیڈ ریل منصوبے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی منظوری بھی دی جو صوبے میں جدید سفری نظام کے قیام کی جانب ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








