گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم بھارت سے شرمناک انداز میں جیتا ہوا میچ ہار گئی جب قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹرز بھارت کا دیا گیا 120 رنز کا انتہائی آسان ہدف بھی پورا نہ کرسکی اور 7وکٹس کے نقصان پر 113رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
اپنا پہلا میچ سپر اوور میں امریکا سے ہار جانے والی قومی کرکٹ ٹیم کا ورلڈ کپ میں سفر تمام ہوتا دکھائی دیتا ہے کیونکہ بھارت سے شکست کے بعد ٹیم کے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرنے کے امکانات کم رہ گئے ہیں۔ آئیے مزید حقائق پر بھی نظر ڈالتے ہیں۔
امریکا سے شکست
سب سے پہلے قومی کرکٹ ٹیم نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پہلی بار شرکت کرنے والی امریکی ٹیم سے شکست کھائی۔ قومی ٹیم نے 7وکٹس کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 159رنز بنائے جس کے جواب میں امریکا نے 3وکٹس کے نقصان پر اتنے ہی رنز بنا کر میچ برابر کردیا۔
میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا جب امریکا نے پہلے کھیلتے ہوئے 1 وکٹ کے نقصان پر 18 رنز بنا لیے لیکن جواب میں پاکستان کی جانب سے صرف 13رنز ہی بنائے جاسکے اور یوں امریکا پاکستان کے خلاف ہارا ہوا میچ سپر اوور میں 5رنز کے فرق سے جیت گیا۔
بھارت سے شکست
گزشتہ روز نیو یارک میں کھیلے گئے میچ میں بھی کچھ ایسی ہی کہانی دہرائی گئی جب پاکستانی بولرز کے سامنے بھارتی ٹیم مکمل طور پر فلاپ نظر آئی اور 19 اوورز میں 119رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی لیکن پاکستانی بیٹرز نے بنا بنایا کھیل بگاڑ دیا۔
مقررہ 20 اوورز میں قومی کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑی تو آؤٹ نہیں ہوئے لیکن وکٹس گنوانے کے خوف کے باعث جم کر بیٹنگ نہیں کی جاسکی اور اتنی ڈاٹ بالز کھیلی گئیں اور جب چوکے چھکے لگانے کی ضرورت تھی، اس وقت سنگل اور ڈبل لیے گئے۔
نتیجتاً مقررہ 20 اوورز میں قومی ٹیم 7 وکٹس کے عوض 113رنز بنا سکی اور پویلین لوٹ گئی۔ محمد رضوان نے 31، عماد وسیم نے 15 جبکہ فخر زمان نے 13 رنز بنائے اور قومی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی تیزرفتاری سے رنز نہ بنا سکا جس سے میچ پر گرفت مضبوط ہوسکتی۔
ورلڈ کپ میں پوزیشن
بھارت کے خلاف ٹی 20 ورلڈ کپ کا ہائی وولٹیج میچ ہارنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کا سپر 8 مرحلے تک پہنچنے کا سفر اگر مگر کا شکار ہے جس میں خود قومی کرکٹ ٹیم کوئی کردار ادا کرنے کے قابل نہیں۔ مسلسل 2 میچز ہار کر ٹیم کی سپر 8مرحلے تک رسائی مشکل ہوگئی۔
قومی کرکٹ ٹیم کی سپر 8مرحلے تک رسائی دیگر ٹیمز پر منحصر ہے۔ اگر پاکستان اپنے بقیہ دونوں میچ جیتے اور امریکا اگلے دونوں میچ ہار جائے تو پاکستان سپر 8مرحلے کیلئے کوالیفائی کرسکتا ہے۔ پاکستان کو اگلے 2 میچز کینیڈا اور آئرلینڈ کے خلاف کھیلنے ہیں۔
دوسری جانب امریکا بھارت اور آئرلینڈ سے مقابلہ کرے گا جہاں بھارت ایک مضبوط ٹیم ہے جو اپنے گزشتہ 2 میچز میں مسلسل فتح سے ہمکنار ہوئی جبکہ آئرلینڈ کی ٹیم اپنا ایک میچ بھارت کے خلاف ہارچکی ہے۔ امریکا کی ایک بھی جیت پاکستان کی سپر 8تک رسائی ناممکن بنا دے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








