اب چوٹ لگی تو ٹیکہ بھی نہیں ملے گا، ٹیٹنس انجکشن مارکیٹ سے غائب، بلیک میں قیمت کتنی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

ٹیٹنس کے انجکشن کی قلت
(فوٹو: ایڈوبی اسٹاک)

کراچی میں ٹیٹنس کے انجکشن کی قلت کے باعث بلیک میں فروخت جاری ہے۔ پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن نے انجکشن کی قلت پر بیان جاری کردیا۔

سینئر نائب چیئرمین پاکستان کیمسٹ اینڈڈرگسٹ ایسوسی ایشن عبدالصمد بدھانی نے کہا کہ کراچی میں ٹیٹنس کے انجکشن کی کمی کے باعث مریض مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ زخمی مریضوں کو طبی پیچیدگیوں کا سامنا ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ ٹیٹنس سے مراد وہ بیکٹیریل انفیکشن ہے جو ٹاکسن پیدا کرتا ہے اور ٹاکسن انسان کے اعصابی نظام کو بری طرح متاثر کرتا ہے جس سے پٹھوں میں شدید تکلیف ہوتی ہے جن میں جبڑے اور گردن کے پٹھے خاص طورپر اہم ہیں جن کی حرکت بند ہوسکتی ہے۔

عموماً ٹیٹنس کا بیکٹیریا مٹی، گرد اور جانوروں کی باقیات میں شامل ہوتا ہے جو گہرے زخموں یا مٹی سے آلودہ جسمانی چوٹوں سے جسم کے اندر پہنچ سکتا ہے۔ خاص طور پر ایکسیڈنٹ سے زخمی افراد کو ٹیٹنس کے انجکشن کی ضرورت ہوتی ہے۔

پی سی ڈی اے کے سینئر وائس چیئرمین نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں خام مال کی عدم دستیابی کے باعث ٹیٹنس کا انجکشن تیار نہ ہوسکا، جس کی قلت کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کراچی میں ٹیٹنس کا اے ٹی ایس انجکشن ناپید ہوگیا۔

عبدالصمد بدھانی نے کہا کہ کچھ دکاندار ٹیٹنس کا ناپید انجکشن بلیک میں فروخت کرنے میں ملوث ہیں۔ 50 سے 55روپے کا 5 ملی لیٹر کاانجکشن 10 گنا زائد قیمت پر فروخت ہورہا ہے۔ انجکشن کی تیاری کا مسئلہ حل ہوگیا، جلد انجکشن مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔

Related Posts