پاکستانی پاسپورٹ کے حامل شہری دنیا کے مختلف ممالک کا سفر کر سکتے ہیں، جہاں ہر ملک کے ویزا کے اپنے مخصوص تقاضے ہیں۔ 2025 میں پاکستانی شہریوں کے لیے مجموعی طور پر 31 ایسے ممالک موجود ہیں جہاں ویزا کی ضرورت کے بغیر سفر ممکن ہے۔
اس رپورٹ میں ویزا فری ممالک، ویزا آن ارائیول ممالک اور الیکٹرانک ٹریول آتھارائزیشن (ای ٹی اے) والے ممالک کی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ ساتھ ہی، ان ممالک کی تفصیل بھی دی گئی ہے جہاں پاکستانی شہریوں کو قبل از وقت ویزا درکار ہے ۔
ویزافری ممالک
پاکستانی شہری درج ذیل 11 ممالک میں ویزا کے بغیر سفر کر سکتے ہیں: بارباڈوس، کک آئلینڈز، ڈومینیکا، گیمبیا، ہیٹی، مائکرونیشیا، ماؤنٹ سیرات، روانڈا، سینٹ ونسینٹ اینڈ گریناڈائنز، ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو، وانوآتو۔
ان ممالک میں قیام کی مدت اور سفر کے مقاصد ہر ملک کی ویزا پالیسی کے مطابق ہیں۔ طویل قیام یا مخصوص مقاصد کے لیے ویزا کی ضرورت ہو سکتی ہے، لہٰذا سفر سے قبل مقامی قواعد کی جانچ ضروری ہے۔
ویزا آن ارائیول ممالک برائے پاکستانی شہری:
پاکستانی شہری درج ذیل 18 ممالک میں ویزا آن ارائیول کے اہل ہیں ، برونڈی، کمبوڈیا، کیپ ورڈی، کوموروس، جبوتی، گنی بساؤ، مڈغاسکر، مالدیپ، نیپال، نیوئی، پالاؤ، قطر، ساموا، سینیگال، سیشلز، سیرا لیون، مشرقی تیمور، تووالو۔
ان ممالک میں سفر کے وقت امیگریشن کے عملے سے ویزا حاصل کیا جا سکتا ہے اور قیام کی مدت، فیس اور اجازت شدہ مقاصد ہر ملک کے قوانین کے مطابق ہیں۔
الیکٹرانک ٹریول آتھارائزیشن (ای ٹی اے) والے ممالک
پاکستانی شہری کینیا اور سری لنکا کے لیے ای ٹی اے کے ذریعے پہلے سے اجازت حاصل کر کے سفر کر سکتے ہیں۔ ای ٹی اے ایک ڈیجیٹل دستاویز ہے جو آن لائن درخواست کے بعد دی جاتی ہے اور عموماً چند گھنٹوں یا دنوں میں منظوری مل جاتی ہے۔ سفر سے قبل ہر ملک کی مخصوص داخلہ شرائط کی جانچ ضروری ہے۔
الیکٹرانک ویزا (ای ویزا) کے لیے درخواست کے اہل ممالک:
پاکستانی شہری درج ذیل 55 ممالک میں سفر سے قبل ای ویزا حاصل کرنے کے اہل ہیں: البانیا، انتگوا اینڈباربوڈا، آسٹریلیا، آذربائیجان، بہاماس، بحرین، بینن، بھوٹان، بولیویا، بوٹسوانا، برکینا فاسو، کیمرون، چاڈ، کولمبیا، کانگو (ڈیمو کریٹک ریپبلک)، آئیوری کوسٹ، ایکواڈور، السلواڈور، ایکواٹورل گنی، ایتھوپیا، گیبون، گنی، ہانگ کانگ، انڈونیشیا، عراق، اسرائیل، قازقستان، کرغیزستان، لیسوتھو، ملاوی، ملائیشیا، موریطانیہ، مالڈوا، موزمبیق، میانمار، نمیبیا، نائیجیریا، عمان، سینٹ کٹس اینڈ نیوس، ساو ٹومی اینڈپرنسپ، سنگاپور، ساؤتھ افریقہ، ساؤتھ سوڈان، سینٹ ہیلینا، سورینام، شام، تاجکستان، تنزانیہ، تھائی لینڈ، ٹوگو، یوگنڈا، متحدہ عرب امارات، ویتنام، زیمبیا، زمبابوے۔
ای ویزا کے لیے آن لائن فارم بھرا جاتا ہے، مطلوبہ دستاویزات اپلوڈ کی جاتی ہیں، فیس ادا کی جاتی ہے، اور منظوری کے بعد ای میل کے ذریعے حاصل کی جاتی ہے۔
روایتی ویزا کے لیے درخواست کے اہل ممالک:
پاکستانی شہری درج ذیل 143 ممالک میں سفر سے قبل روایتی ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، افغانستان، الجزائر، امریکا، بھارت، چین، کینیڈا، برطانیہ، جرمنی، فرانس، اٹلی، جاپان، سعودی عرب، ترکی، روس، جنوبی کوریا اور دیگر۔
ویزا کی پروسیسنگ، فیس اور مطلوبہ دستاویزات ہر ملک کے قوانین کے مطابق ہیں اور سفر سے قبل متعلقہ سفارت خانے یا قونصلیٹ سے مکمل معلومات حاصل کرنا ضروری ہے۔
یہ فہرستیں وقتاً فوقتاً ممالک کے درمیان ویزا معاہدات، عارضی سفری پابندیوں اور داخلہ شرائط کی بنیاد پر تبدیل ہو سکتی ہیں۔ لہٰذا سفر سے قبل ہر ملک کے موجودہ تقاضوں اور ممکنہ پابندیوں کی تصدیق کرنا ضروری ہے۔
الومیناٹی: پوری دنیا کی دولت اور وسائل پر قابض دنیا کے 13 سب سے طاقتور اور پراسرار خاندان
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








