اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ایک اور عوام دوست اقدام اٹھاتے ہوئے کم آمدنی والے افراد کو پیٹرول پر رعایت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایپ تیار کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) نے پیٹرول سبسڈی دینے کیلئے وفاقی حکومت کی ہدایات کے تحت ایپ تیار کی ہے جس کی ٹیسٹنگ کا عمل شروع کردیا گیا۔ حکام کا ماننا ہے کہ کم آمدنی والے افراد کو سبسڈی دینے کیلئے ایپ سے مدد ملے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹو تھری ویلرز گاڑیوں کو سبسڈی دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے تاہم دیگر صارفین کو ماضی کی طرح عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا سامنا کرنا ہوگا۔
رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ 800 سی سی گاڑیوں تک سبسڈی کا فیصلہ نہیں کیا گیا تاہم ٹو تھری ویلرز کیلئے پیٹرول کا کوٹہ مختص کیا جائے گا، موٹر سائیکلز کیلئے ماہانہ 20 لیٹر تک پیٹرول کا کوٹہ مقرر کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
حکومت نے ملک کے 12 ہزار پیٹرول پمپس پر سبسڈی کیلئے نوزلز مختص کرنے کا مبینہ فیصلہ کرلیا، ہر پیٹرول پمپ پر 2 موبائل فونز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، اسی طریقہ کار کے تحت ہر پیٹرول پمپ پر موبائل فون ایپ کے ذریعے پیٹرول پر سبسڈی دی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








