پاکستان ریلوے نے جاری انجینئرنگ مسائل اور سگنلنگ سسٹم کی خرابیوں کے باعث سردیوں کا شیڈول عارضی طور پر معطل کرتے ہوئے ٹرینوں کی آمد و رفت کو دوبارہ گرمیوں کے ٹائم ٹیبل کے تحت چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ غیر معمولی صورت حال کے پیش نظر کیا گیا ہے کیونکہ متعدد ٹرینیں گزشتہ کئی دنوں سے مسلسل تاخیر کا شکار تھیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستان ریلوے کی تاریخ میں پہلی بار سردیوں کے موسم میں ٹرینوں کی روانگی اور آمد کا شیڈول گرمیوں کے اوقات کے مطابق چلایا جائے گا۔ وہ ٹائم ٹیبل جو 15 اپریل 2025 سے 14 اکتوبر 2025 تک نافذ رہا تھا، اب 10 نومبر 2025 سے دوبارہ مؤثر کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کئی سیکشنز پر جاری انجینئرنگ ورک نے لاہور سے کراچی تک سفر کے دورانیے میں چار گھنٹے سے زائد اضافہ کر دیا ہے جس کے نتیجے میں بعض ٹرینوں کا سفر 24 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔
مسلسل تاخیر اور بھاری انجینئرنگ سرگرمیوں کے پیش نظر ریلوے حکام نے فیصلہ کیا کہ سردیوں کا شیڈول وقتی طور پر مؤخر کر کے گرمیوں کا شیڈول نافذ کیا جائے تاکہ مسافروں کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔
ریلوے کے ترجمان نے اس تبدیلی کو عارضی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی ٹریک مینٹیننس اور سگنلنگ سسٹم کی بہتری کا کام مکمل ہوگا، شیڈول کو معمول کے مطابق بحال کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سفر کے دوران تاخیر سے بچنے کے لیے نظام کی بہتری پر تیزی سے کام جاری ہے۔
مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنے متعلقہ اسٹیشنوں یا ریلوے ہیلپ لائن سے ٹرینوں کے تازہ ترین اوقات کی تصدیق کر لیں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی یا تاخیر سے بچا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








