عالمی معاشی جریدے بلوم برگ نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان کی معیشت اب دیوالیہ ہونے کے خدشات سے نکل کر استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان اُن چند ممالک میں شامل ہے جنہوں نے اقتصادی دباؤ کے باوجود شاندار بہتری دکھائی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔
بلوم برگ کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ پندرہ ماہ (جون 2024 سے ستمبر 2025 تک) کے دوران پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے امکانات میں 2200 پوائنٹس کی تاریخی کمی ریکارڈ کی گئی، جس نے اسے دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں دوسرا بہترین ملک بنا دیا۔ اس فہرست میں ترکیہ پہلے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان اس کے فوراً بعد ہے۔
بٹ کوائن کی قیمت ریکارڈ سطح پر! ٹرمپ کی پالیسیوں کا کمال یا سرمایہ کاروں کی نئی لہر؟ جانیں حقائق
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان واحد معیشت ہے جس نے ہر سہ ماہی میں مسلسل بہتری کا مظاہرہ کیا۔ اس کے برعکس جنوبی افریقہ، ایل سلواڈور جیسے ممالک میں بہتری محدود رہی جبکہ مصر، نائیجیریا اور ارجنٹائن جیسے ممالک میں مالیاتی خطرات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
بلوم برگ نے واضح کیا کہ پاکستان کی یہ مثبت کارکردگی مضبوط معاشی نظم و ضبط، بروقت قرضوں کی ادائیگی، ڈھانچہ جاتی اصلاحات، آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد اور عالمی ریٹنگ ایجنسیوں ایس اینڈ پی، فِچ اور موڈیز کی جانب سے ملنے والی مثبت درجہ بندیوں کا نتیجہ ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان نہ صرف مالی بحران کے سائے سے باہر نکل آیا ہے بلکہ عالمی سطح پر ایک پُراعتماد اور اصلاحات پر مبنی معیشت کے طور پر ابھر رہا ہے۔ بلوم برگ کا یہ اعتراف پاکستان کے لیے ایک حوصلہ افزا اشارہ ہے کہ عالمی سرمایہ کار اب اسے ایک مستحکم اور پائیدار ترقی کی صلاحیت رکھنے والی معیشت کے طور پر دیکھنے لگے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








