اسلام آباد:پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں جمہوریت کے بے بنیاد عوؤں کے بھارتی وزیر اعظم کے بیان کو مسترد کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں جمہوریت کے بے بنیاد دعووں کے بھارتی وزیراعظم کے بیان کو مسترد کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ جموں و کشمیر میں جمہوریت کے دعوے بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہاکہ آر ایس ایس بی جے پی کی نام نہاد جمہوریت صرف بندوق کے زور پر کشمیریوں کی آواز دبانے کیلئے ہے۔
زاہد حفیظ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں پانچ اگست 2019 سے محاصرے کے ذریعے کشمیریوں کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ بھارتی قیادت کے جھوٹے دعوے نہ کشمیریوں کی آواز دبا سکتے ہیں نہ عالمی برادری کی توجہ ہٹا سکتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کونسل کے نام نہاد انتخابات کے حوالے سے جمہوری دعویٰ مسترد کرتے ہیں۔ سب جھوٹ کا پلندہ ہے، اس کے سوا کچھ نہیں۔
انہوں نے کہاکہ بھارت معاملات کو الجھانے اور توجہ ہٹانے کے بجائے مقبوضہ کشمیر سے غیر قانونی قبضہ ختم کرے۔ ترجمان نے کہاکہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق رائے دہی دیا جائے۔