بیجنگ: وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں روس کے صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
سرکاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں جنوبی ایشیا، افغانستان، مشرق وسطیٰ اور یوکرین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور تجارت، توانائی، زراعت، سرمایہ کاری، دفاع، مصنوعی ذہانت، تعلیم، ثقافت اور عوامی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کی عالمی پلیٹ فارمز پر اکثر پالیسیوں میں یکسانیت ہے لہٰذا ادارہ جاتی روابط کو مزید فعال کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان اسٹیل مل کراچی جیسے اہم منصوبے اور روابط سے متعلق سرمایہ کاری مستقبل میں پاکستان اور روس کی دوستی کی علامت ہوں گے۔
روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے وزیراعظم کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم جیسے پلیٹ فارمز پر تعاون کو عالمی اور علاقائی استحکام کے لیے اہم قرار دیا۔
مزید برآں دونوں رہنماؤں نے فلسطین اور کشمیر جیسے دیرینہ تنازعات اور عالمی مسائل پر بھی بات چیت کی۔ روسی صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کو باضابطہ طور پر روس کے دورے کی دعوت بھی دی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








