اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اس عزم کا اظہار وزیر اعظم عمران خان اور سعودی شہزادہ سلطان بن سلمان بن عبد العزیز السعود کے درمیان منگل کے روز ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کیا گیا۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان طویل اور آزمودہ تعلقات کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
وزیراعظم نے خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی عوام کیلئے نیک جذبات کااظہار کیا۔ ٹیلیفونک گفتگو میں شہزادہ سلطان نے سلطانہ فاؤنڈیشن کے چیئرمین مرحوم نعیم غنی کے انتقال پر تعزیت کی۔
وزیراعظم عمران خان نے بھی نعیم غنی کی فاؤنڈیشن کیلئے بے لوث خدمات کو سراہا۔وزیراعظم عمران خان نے شہزادہ سلطان کی زیر نگرانی سلطانہ فاؤنڈیشن کے پاکستان میں سماجی فلاح و بہبود اور تعلیمی منصوبوں کی تعریف کی۔
وزیر اعظم عمران خان نے فاؤنڈیشن کے خیراتی نظریہ کی تعریف کی جس کا مقصد معاشرے کے نادار طبقات کی سماجی و معاشی فلاح و بہبود ہے۔ عمران خان نے نیک مقصد کیلئے فاؤنڈیشن کی مدد اور تعاون کا یقین دلایا۔