اسلام آباد: پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی راجناتھ سنگھ کی جانب سے دھمکیوں کے جواب میں کہا ہے کہ بھارت کسی ایڈونچر کی کوشش کرے گا تو منہ توڑ جواب دیں گے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ چند سال قبل بھارت نے پاکستان میں گھس کر کارروائی کرنے کی کوشش کی، ہم نے خیرات میں پائلٹ ابھی نندن واپس کیا تھا، دوبارہ کوشش کر کے دیکھ لیں، اس بار پہلے سے زیادہ مار پڑے گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ یہ صرف الیکشن وغیرہ کے سلسلے میں بڑھکیں مار رہے ہیں، اگر انہوں نے ایسی جرات کی تو اسی طرح کا جواب دیا جائے گابھارت عوام کی توجہ حاصل کرنے کیلئے پاکستان مخالف بیانات دیتا ہے، بھارت محتاط ہو کر بیانات دے، الیکشن کے چکر میں کوئی ایسی حرکت نہ کرے جس کا ان کو خمیازہ بھگتنا پڑے۔
چند روز قبل ایک برطانوی جریدے نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی نے 2020 سے اب تک پاکستان میں 20 شہریوں کو قتل کیا۔جس پر بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی پاکستانی شہریوں کے قتل کے حوالے سے یہی پالیسی ہے۔
راجناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں ہر اس پاکستانی کو قتل کرے گا جو ہمارے ملک میں کسی بھی قسم کی دہشگردانہ کارروائی کی کوشش کرے گا۔
پاکستان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے پاکستانیوں کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کرنے کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








