کراچی پولیس نے ہفتے کے روز گلستان جوہر کے ایک گھر پر چھاپہ مار کر نوکری کا لالچ دیکر یرغمال بنائی گئی خاتون کو غیر قانونی قید سے بازیاب کرالیا۔
ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ کے مطابق ملزمان نے دو بچوں کی ماں کو نوکری کا لالچ دے کر کراچی کے گلستان جوہر بلاک 3-A میں یرغمال بنا لیا تھا۔
پولیس کے مطابق خاتون کو سوشل میڈیا کے ذریعے نوکری کا لالچ دیا گیا اور جب وہ اس مقام پر پہنچی تو ملزمان نے یرغمال بنالیا۔
ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ خاتون کو غیر قانونی قید کے دوران تشدد کا نشانہ بنایا گیا ، خاتون کی کال کے بعد پولیس ٹیم نے گھر پر چھاپہ مارا اور اسے چار دیگر خواتین اور دو مردوں کے ساتھ بازیاب کر لیا۔پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے۔
اس سے قبل مارچ 2022 میں لاہور میں ایک خاتون کو ملازمت کے لیے بلاکرکئی مردوں نے مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب لڑکی نے پولیس سے رجوع کیا اور مقدمہ درج کرایا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ نوکری کے لیے لاہور آئی تھی اور لاہور کے ہوٹل میں اس کے ساتھ مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کی گئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








