مسلح افراد سرعام کروڑوں روپے کی سینکڑوں بھیڑیں چھین کر فرار

تازہ ترین

تازہ ترین

قرہ قلی بھیڑیں، فائل فوٹو
قرہ قلی بھیڑیں، فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلع پشین کے سرحدی علاقے میں محکمہ لائیوسٹاک کے زیر انتظام ایک فارم سے 400 سے زائد بھیڑیں چھیننے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

حکام کے مطابق مسلخ کے علاقے میں قائم فارم پر موجود عملے کو یرغمال بنانے کے بعد مسلح افراد بھیڑیں ہانکتے ہوئے نامعلوم مقام کی جانب فرار ہوگئے۔

 یہ فارم قرہ قل نسل کی بھیڑوں کی افزائش کے لیے استعمال ہوتا تھا، جن کی کھالیں روایتی قرہ قلی ٹوپی یا جناح کیپ کی تیاری میں استعمال کی جاتی ہیں۔

محکمہ لائیوسٹاک کے مطابق واقعے کی ایف آئی آر تھانہ سلطان پشین میں درج کرلی گئی ہے اور تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کسی سرکاری فارم سے اس نوعیت کی بڑی چوری کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق واقعہ 16 مئی کو پیش آیا، جب چھ مسلح افراد موٹر سائیکلوں پر کوڑائی کیمپ مسلخ پہنچے اور وہاں موجود دو ملازمین کو یرغمال بنایا۔ بعد ازاں ملزمان بھیڑوں کو ساتھ لے کر ضلع کوئٹہ کے علاقے پنجپائی کی طرف گئے، جہاں ملازمین کو چھوڑ دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 406 بھیڑیں غوغاڑ کے پہاڑی علاقے کی جانب منتقل کی گئیں۔ پولیس اور متعلقہ ادارے واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

Related Posts