کراچی:پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد مندی غالب آگئی اور کے ایس ای100انڈیکس 99.81پوائنٹس کے اضافے سے46768.14پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز میں سرمایہ کاری کے باعث تیزی رہی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100انڈیکس47305پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔
تاہم بعد ازاں حصص فروخت کا دباؤ بڑھنے کے سبب مندی چھاگئی اور انڈیکس 46726پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا،مندی کا رجحان آخر تک برقرار رہا اور کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس99.81پوائنٹس کی کمی سے46768.14پوائنٹس پر بند ہوا۔
اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس58.71پوائنٹس کی کمی سے19560.59پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 93.15پوائنٹس کی کمی سے32048.68پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
گذشتہ روز مجموعی طور پر 419کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جن میں 204کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 199میں کمی اور 16میں استحکام رہا۔مندی کے باعث مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ93ارب 48کروڑ73لاکھ روپے سے بڑھ کر83کھرب68ارب94کروڑ16لاکھ روپے ہو گیا۔