وزیرِاعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر پاکستان نے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے امدادی سامان طورخم کے راستے افغان حکام کے حوالے کر دیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے بھیجے گئے 105 ٹن امدادی سامان میں راشن بیگز، خیمے، کمبل، چٹائیاں اور ضروری ادویات شامل تھیں۔ یہ سامان 40 فٹ کے کنٹینرز پر مشتمل 5 ٹرکوں کے ذریعے افغانستان روانہ کیا گیا جو 3 ستمبر کو اسلام آباد سے روانہ ہوئے اور 4 ستمبر کو طورخم بارڈر پر افغان حکام کے سپرد کیے گئے۔
سامان حوالگی کی تقریب میں وفاقی وزیر امیر مقام مہمان خصوصی تھے جبکہ پاکستان کے قونصل جنرل جلال آباد، شفقت اللہ اور افغانستان کے قونصل جنرل پشاور، حافظ محب اللہ شاکر بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر این ڈی ایم اے، افغان حکومت اور پاکستان میں افغان سفارت خانے کے نمائندے بھی موجود تھے۔
افغان حکام نے بروقت امداد پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کا مظہر قرار دیا۔
واضح رہے کہ افغانستان میں 31 اگست 2025 کی شب آنے والے شدید زلزلے کے باعث کم از کم 1400 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ متعدد زخمی اور بے گھر ہو گئے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








