ملکی معیشت کیلئے خوشخبری، ملائیشیا کو گوشت کی برآمدات میں تاریخی اضافہ متوقع

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی تصویر

برآمدات میں اضافہ کرنے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہر سال 20 کروڑ ڈالر مالیت کا گوشت ملائیشیا کو برآمد کیا جائے گا۔

وزیراعظم کی کمیٹی برائے گوشت برآمدات کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس کی مشترکہ صدارت وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان اور وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے کی۔ وزیراعظم کی قائمہ کمیٹی کی جانب سے تیار کی گئی سفارشات آج وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔

اجلاس میں سرکاری اور نجی شعبے کے نمائندوں نے شرکت کی، جس کا مقصد سفارشات کو حتمی شکل دینا تھا۔ اجلاس کے دوران ملائیشیا کو گوشت برآمد کرنے سے متعلق مسائل، تجاویز اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔

جاری کردہ بیان کے مطابق کمیٹی نے ہر سال 20 کروڑ ڈالر مالیت کا گوشت برآمد کرنے کا ہدف تجویز کیا ہے اور سفارشات میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ ہڈی والے گوشت کی برآمدات سے متعلق قابلِ عمل حل پر کام جاری ہے۔

معاونِ خصوصی ہارون اختر خان نے زور دے کر کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق ایک جامع برآمدی حکمت عملی پر کام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان بغیر ہڈی والے گوشت کی برآمد میں عالمی معیار پر پورا اترتا ہے، جبکہ ہڈی والے گوشت کی برآمدات کے لیے بھی ایک قابلِ عمل فریم ورک تیار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

Related Posts