اسلام آباد: پاکستان نے افغان عبوری حکومت کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کو ”انتہائی غیر ذمہ دارانہ“ قرار دےدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 18مارچ کو پاکستان نے افغان حکومت کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا۔ ہم نے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کونشانہ بنایا۔
بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے۔ 16مارچ کو پاکستان میں دہشت گردی کے بعد پاک افغان سفارتی رابطہ ہوا، ایک ڈیمارش جاری ہوا جس میں ہم نے افغانستان کو پاکستان کے خدشات پر آگہی دی۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ وزیر خارجہ نے افغان ہم منصب کو ٹیلیفونک رابطے کے دوران بھی پاکستان کے خدشات سے آگاہ کیا۔ پاک فوج کی جانب سے آپریشن کا ہدف گلبہار گروپ کے دہشت گرد تھے۔ آپریشن کے بعد بھی ہمارا باہمی رابطہ قائم ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان متعدد بار افغانستان کے ساتھ دہشت گردی کے متعلق ٹھوس شواہد شیئر کرچکا ہے۔ یہ حقیقت اپنی جگہ ہے کہ دہشت گرد بالخصوص کالعدم ٹی ٹی پی کے افغانستان میں ٹھکانے ہیں۔ ہمارا آپریشن افغان عوام یا اداروں کے خلاف نہیں تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








