پاکستان کا چین کی منڈی میں ایک ارب ڈالر کے پانڈا بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ

تازہ ترین

تازہ ترین

Pakistan to ‘launch’ $1 billion Panda Bonds
ARY NEWS

اسلام آباد: پاکستان نے چین کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ایک ارب ڈالر مالیت کے پانڈا بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق یہ بانڈز تین مراحل میں جاری کیے جائیں گے اور اس منصوبے پر عمل درآمد موجودہ مالی سال سے 2028 تک جاری رہے گا۔

پہلے مرحلے میں 25 کروڑ ڈالر مالیت کے پانڈا بانڈز جاری کیے جائیں گے جبکہ بقیہ 75 کروڑ ڈالر دوسرے اور تیسرے مرحلے میں پیش کیے جائیں گے۔ ابتدا میں صرف 25 کروڑ ڈالر کے بانڈز جاری کرنے کا منصوبہ تھا تاہم اب مکمل ایک ارب ڈالر کے بانڈز کے اجرا پر اتفاق کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتِ خزانہ نے اس فیصلے کے ساتھ ساتھ ایسے حکومتی بانڈز میں کمی لانے کی منصوبہ بندی بھی کی ہے جن میں سود کی شرح غیر مستحکم اور مدت مختصر ہوتی ہے۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد قرضوں کے حصول کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنا ہے تاکہ ملک کو بہتر مالی سہولتیں میسر آ سکیں۔

پانڈا بانڈز کے اجرا کے حوالے سے اہم پیش رفت وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورۂ چین کے دوران متوقع ہے، جہاں ان کے ساتھ وزیرِ خزانہ بھی شریک ہوں گے۔

توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس دورے میں پانڈا بانڈز کے اجرا کے حوالے سے حتمی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

معاشی ماہرین کے مطابق پانڈا بانڈز کے اجرا سے نہ صرف پاکستان اور چین کے درمیان سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں گے بلکہ ملکی معیشت کو بھی سہارا ملے گا۔

مالیاتی تخمینوں کے مطابق آئندہ تین برسوں میں پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں نمایاں اضافہ ہوگا جو 2028 تک 114 کھرب روپے سے بڑھ کر 163 کھرب روپے تک پہنچنے کی توقع ہے۔

اس عرصے میں تقریباً 48 کھرب روپے کا اضافہ ملکی معیشت کے حجم میں متوقع ہے۔

یہ اقدام پاکستان کے لیے مالیاتی پالیسی میں ایک بڑا سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے جس سے عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور ملک کو بیرونی قرضوں کے متبادل ذرائع فراہم ہوں گے۔

Related Posts