پاکستان کا بڑا کارنامہ! مقامی ماہرین نے جدید ڈیجیٹل FDR ایکس رے مشین تیار کرلی

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی تصویر

پاکستان نے پہلی بار مقامی طور پر تیار کردہ جدید فلیٹ پینل ڈیجیٹل ریڈی وگرافی (FDR) ایکس رے مشین متعارف کرائی ہے، جو مکمل طور پر پاکستانی انجینئروں نے ملکی وسائل استعمال کرتے ہوئے ڈیزائن اور اسمبل کی ہے۔

یہ مشین کراچی میں منعقدہ 22ویں ہیلتھ ایشیا انٹرنیشنل ایگزیبیشن میں پیش کی گئی، جو پاکستان کے طبی آلات کے شعبے میں ایک تاریخی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

یہ موبائل اور مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام ریز میڈیکل ورلڈ (Rays Medical World) نے تیار کیا ہے۔ یہ نہ صرف تکنیکی اعتبار سے جدید ہے بلکہ قیمت کے لحاظ سے بھی انتہائی مناسب ہے۔

تقریباً 40 لاکھ روپے مالیت کی یہ مشین درآمدی ماڈلز کے مقابلے میں کہیں زیادہ سستی ہے، جن کی قیمت ایک کروڑ 50 لاکھ روپے تک ہوتی ہے۔ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اسے موبائل فون کے ذریعے بھی چلایا جا سکتا ہے، جس سے اسپتالوں میں اس کی تنصیب اور استعمال انتہائی آسان ہو جاتا ہے۔

ریز میڈیکل ورلڈ، جو اس سے قبل پاکستانی اسپتالوں کے لیے بنیادی ایکس رے مشینیں تیار کرتی رہی ہے، اب جدید اور اعلیٰ معیار کی ریڈی وگرافی مشینوں کی تیاری میں قدم رکھ چکی ہے۔ نئی FDR مشین پہلے ہی چند اسپتالوں میں نصب کی جا چکی ہے، جبکہ آئندہ بیرونِ ملک برآمدات کا بھی منصوبہ ہے۔

یہ پیشرفت پاکستان کے طبی شعبے میں ایک بڑا سنگِ میل ثابت ہو گی، کیونکہ اس سے نہ صرف جدید طبی سہولیات کی فراہمی سستی اور آسان ہو گی بلکہ درآمدی آلات پر انحصار بھی کم ہو جائے گا۔

Related Posts