پنجاب ایک بار پھر اسموگ کے بحران کا شکار ہے، جس کے باعث خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رواں سال بھی اسکولوں کی بندش اور قبل از وقت سرمائی تعطیلات کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے صوبے بھر میں تیزی سے بڑھتی ہوئی اسموگ کے حوالے سے انتباہ جاری کیا ہے، خاص طور پر لاہور میں فضا انتہائی خطرناک حد تک آلودہ ہو چکی ہے۔
مسلسل خشک موسم کے باعث آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ لاہور کو دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ شہر قرار دیا گیا ہے، جہاں فضائی معیار (AQI) خطرناک سطح پر پہنچ چکا ہے، جو شہریوں کی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور بدستور سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ہے۔ آلودہ فضا نے شہریوں، خاص طور پر اسکول جانے والے بچوں کے لیے سانس اور دیگر امراض کے خطرات میں اضافہ کر دیا ہے۔
حسبِ روایت بڑھتی ہوئی اسموگ کے بعد یہ قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں کہ حکومت رواں سال بھی اسکولوں میں قبل از وقت سرمائی تعطیلات دے سکتی ہے۔
تاہم حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تاحال اسکول بند کرنے یا تعطیلات جلدی دینے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








