اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بزنس کمیونٹی پر زور دیا ہے کہ وہ ٹیکسوں کی دیانتداری سے ادائیگی اور ٹیکس چوری کی روک تھام یقینی بنانے میں کردارادا کریں، مثبت معاشی اعشاریوں کے ساتھ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث پاکستان مسلم امہ کی قیادت کرے گا اور دنیا اہم ملک بن کر ابھرے گا۔
آئی سی ایم اے کے کانوووکیشن 2020 سے خطاب کرتے کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ مسلسل یاددہانی کروا رہا ہوں کہ کورونا کا دوسرا مرحلہ جاری ہے،کوروناکے پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے احتیاطی تدابیر پرعمل کرناضروری ہے۔
کورونا وبا کے پہلے مرحلے میں میڈیا نے کورونا وبا سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ لوگوں نے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا۔ علمائے کرام نے مساجد میں کورونا سے بچاؤ کے ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنایا۔
انہوں نے کہا کہ گریجوایٹ نوجوان نئے عزم کے ساتھ میدان عمل میں نکل رہے ہیں،ان نوجوانوں کے والدین اساتذہ کرام، معاشرہ اور ملک نے انہیں اس مقام پر پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ اب ان نوجوانوں کا فرض ہے کہ وہ نادار طبقوں کا خیال رکھیں، ان نوجوانوں کا کاروباری اداروں کے مالی امور کو جانچنے میں اہم کردار ہو گا، امید ہے کہ یہ امانت اور دیانتداری کے ساتھ اپنا کام کریں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دنیا کے ایک فیصد لوگ دنیاکی 60 فیصد سے زائد دولت پر قابض ہیں۔