بیجنگ:کمرشل قونصلر، پاکستان ایمبیسی بیجنگ، غلام قادر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے چین میں حال ہی میں ختم ہونے والی چائنا یوریشیا کموڈٹی اینڈ ٹریڈ ایکسپو میں بہترین بزنس گروپ کا ایوارڈ جیت لیا ہے۔
انہوں نے اے پی پی کو بتایا کہ ہمارے نمائش کنندگان نے میٹھے اور رسیلے آموں کی مختلف اقسام جیسے سندھڑی، چونسہ اور انور رتول سمیت دیگر کی نمائش کی، اس دوران نمائش میں آنے والے افراد نے پاکستانی آموں کے ذائقے کی تعریف کی۔
ایکسپو میں پاکستانی وفد کی قیادت سینیٹر رانا محمود الحسن نے کی۔ سابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال بھی موجود تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی وفد نے نہ صرف عام لوگوں سے بات چیت کی بلکہ انتظامیہ کے ساتھ اہم ملاقاتیں بھی کیں۔
پاکستانی وفد نے تمام متعلقہ مسائل کے حل کے لیے انتظامی وزارتوں بشمول جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز آف چائنا (GACC)، محکمہ زراعت، محکمہ تجارت اور محکمہ خارجہ کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب اس بات کے امکانات ہیں کہ پاکستانی آم اور دیگر تازہ پھل چین کو خنجراب پاس اور سنکیانگ کے مختلف ہوائی اڈوں مثلاً ارومچی کے ذریعے برآمد کیے جائیں گے۔
آم کی درآمد کو بڑھانے کے لیے معاہدوں پر دستخط کے بارے میں، انہوں نے کہا کہ پانچ مفاہمت ناموں پر دستخط کیے گئے اور آم کے نمائش کنندگان بھی ہول سیل مارکیٹ میں گئے اور مقامی امپورٹرز کے ساتھ بہت اچھے روابط بنائے۔
مزید پڑھیں:اسٹاک مارکیٹ میں 30پوائنٹس کی مندی
انہوں نے مزید کہا، ”کچھ نمائش کنندگان گوداموں کو حاصل کرنے اور وہاں مزید کاروبار کرنے کے لیے ارومچی میں رہنا چاہتے ہیں۔” اس کے علاوہ ملتان سے آم کے 20 بڑے برآمد کنندگان نے بھی شرکت کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








