پہلگام واقعہ کے بعد کشیدگی کی وجہ سے بھارت میں کئی معروف پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کر دیا گیا ہے۔
قومی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی حکومت نے مبینہ طور پر گھبراہٹ میں آ کر اب پاکستانی فنکاروں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔
ان شخصیات میں اداکارہ ماہرہ خان، اداکارہ ہانیہ عامر، اداکارہ سجل علی اور گلوکار و اداکار علی ظفر بھی شامل ہیں۔
بھارت میں انسٹاگرام صارفین جب ان اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو انہیں یہ پیغام موصول ہوتا ہے: “یہ اکاؤنٹ بھارت میں دستیاب نہیں کیونکہ ان کو ایک قانونی درخواست کے تحت محدود کر دیا گیا ہے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ بھارت کی مودی سرکار نے پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا تھا۔
ان اقدامات میں پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم، پاکستان کے سفارتی عملے پر پابندیاں اور اب فنکاروں کو نشانہ بنانا شامل ہے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں سرگرم ہے، جہاں ٹاک شوز میں پاکستان کے خلاف بیانیہ مضبوط کیا جا رہا ہے۔
اسی دوران لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کا پاکستانی افواج نے فوری اور بھرپور جواب دیا۔
مزید برآں جب بھارتی رافیل طیارے فضا میں بلند ہوئے تو پاکستانی فوج نے بروقت ان کی نقل و حرکت کو ٹریس کیا جس کے بعد وہ طیارے واپس چلے گئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








