بلوچستان کے نوجوان سینڈ آرٹسٹ سمیر خورشید ایک بار پھر اپنے منفرد فن کے باعث خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔ اس بار انہوں نے ساحلِ سمندر کی ریت پر ایران کے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا خوبصورت پورٹریٹ بنا کر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
سمیر خورشید اس سے قبل بھی قومی و بین الاقوامی شخصیات کے دلکش پورٹریٹس تخلیق کر چکے ہیں۔ ان کے فن پاروں میں باریک بینی، مہارت اور عارضی مادّے یعنی ریت میں جان ڈال دینے کی صلاحیت نمایاں ہوتی ہے، جو دیکھنے والوں کو حیران کر دیتی ہے۔
ماضی میں انہوں نے بھارتی کرکٹر ابھیشیک شرما، عالمی شہرت یافتہ فرانسیسی فٹبالر کلیان ایمباپے اور معروف پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ سمیت کئی مشہور شخصیات کے پورٹریٹس بھی تخلیق کیے، جنہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔
سمیر خورشید کا کہنا ہے کہ وہ اپنے فن کے ذریعے اہم شخصیات اور عالمی واقعات کو اجاگر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان کے مطابق ریت، پانی اور سادہ اوزاروں کے ذریعے روشنی، سایہ اور ٹیکسچر کو ہم آہنگ انداز میں پیش کرنا ان کے فن کا خاصہ ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر ان کے تازہ فن پارے کو صارفین کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی ہے، جبکہ متعدد معروف شخصیات نے بھی ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔ معروف یوٹیوبر کیری مناتی نے بھی سمیر کے فن کو منفرد اور متاثر کن قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ سمیر خورشید کا شمار ان باصلاحیت نوجوان فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے محدود وسائل کے باوجود اپنی محنت اور لگن کے ذریعے نہ صرف ملک بلکہ عالمی سطح پر بھی پہچان حاصل کی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








