شمالی وزیرستان: پاکستانی سیکورٹی فورسز نے گزشتہ چار دنوں کے دوران افغان طالبان کی جانب سے بھیجے گئے 94 خوارج کو ہلاک کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقوں تنگ کلی اور دتہ خیل میں سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران چھ دہشت گرد مارے گئے۔ آپریشن 16 اکتوبر 2025 کو دہشت گردوں کی نقل و حرکت سے متعلق خفیہ اطلاعات ملنے پر کیا گیا۔
فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کی، جس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ نتیجے میں چھ دہشت گرد ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔ مارے جانے والوں میں فتنہ الخوارج کا ایک اہم کمانڈر محبوب بھی شامل تھا۔
یہ کارروائی ملک بھر میں جاری انسدادِ دہشت گردی مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد پاکستان میں امن کے دشمن عناصر کا خاتمہ ہے۔ گزشتہ چار دنوں میں سیکورٹی فورسز نے افغان طالبان کے زیرِ اثر گروہ سے تعلق رکھنے والے 94 خوارج کو انجام تک پہنچایا۔
ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کی جا رہی ہیں تاکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عوام اور سیکورٹی فورسز کے درمیان اتحاد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
فورسز نے عزم دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور اس کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ان کا حتمی ہدف ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








