جواں سال پاکستانی اونٹریسر احسن یاسین نے شارجہ میں ہونے والے 54ویں شیخ محمد بن زاید کیمل ریسنگ فیسٹیول میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ریس کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے اور پہلی پوزیشن جیتنے کے ساتھ ساتھ دنیا کو بھی حیران کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نوجوان پاکستانی احسن یاسین نے گولڈن کیمل ٹرافی اور 50 ہزار درہم کا نقد انعام اپنے نام کیا۔ 18سالہ احسن یاسین 2کلومیٹر پر محیط ریس کا آغاز چھٹے نمبر سے کرنے کے بعد ایک ایک کرکے اپنے تمام حریفوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
اس وقت دبئی میں انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے والے احسن یاسین نے ریس کی تکمیل 3منٹ 47سیکنڈز میں کرتے ہوئے سب سے پہلے فنش لائن عبور کی۔ اس اونٹ ریس کے مقامی اور بین الاقوامی شائقین نے احسن یاسین کی صلاحیت اور ہمت کو سراہا۔
احسن یاسین حمدان بن محمد ہیریٹیج سینٹر میں تربیت بھی حاصل کرتے ہیں اور یو اے ای سمیت دیگر ممالک میں مقابلوں کیلئے خود کو تیار رکھتے ہیں۔ شارجہ میں 54ویں کیمل ریسنگ فیسٹیول میں کامیابی پر احسن یاسین نے خوشی کا اظہار کیا۔
کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن یاسین نے کہا کہ عام طور پر اونٹ ریسنگ عرب دنیا کا کھیل سمجھا جاتا ہےلیکن پاکستان کیلئے یہ ریس جیتنا میرے لیے ناقابلِ بیان خوشی کا موقع ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








