ملکی آٹوموبائل انڈسٹری نے اکتوبر 2025 کے دوران زبردست ترقی کی، اکتوبر میں کاروں، وینز، پک اپس اور ایس یو ویز کی فروخت 17,333 یونٹس تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 32 فیصد زیادہ اور پچھلے مہینے کے مقابلے میں ایک فیصد زیادہ ہے۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی تجزیہ کار مائشہ سہیل نے کہا کہ سال بہ سال فروخت میں اضافہ میکرو اکنامک استحکام، نئی گاڑیوں کے ماڈلز کا آغاز، کم شرح سود، کم ہوتی مہنگائی اور صارفین کے اعتماد میں بہتری کے سبب ہوا۔
مہینہ بہ مہینہ فروخت تقریباً مستحکم رہی، جس کی بنیادی وجہ پاک سوزوکی موٹر کمپنی کی فروخت میں 18 فیصد کمی تھی۔
آٹو ساز کمپنی نے حال ہی میں Ravi, Bolan, Every VX، اور Wagon R ماڈلز بند کر دیے، جس کے نتیجے میں Swift کی فروخت میں 17 فیصد، Ravi میں 84 فیصد اور Every میں 28 فیصد کمی ہوئی، جبکہ Bolan کی فروخت مئی 2025 سے مکمل طور پر روک دی گئی ہے۔
مالی سال 2025-26 کے پہلے چار ماہ میں، مجموعی آٹوموبائل فروخت 46 فیصد بڑھ کر 59,600 یونٹس تک پہنچ گئی، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ تعداد 40,693 یونٹس تھی۔
انڈس موٹر کمپنی سب سے آگے
انڈس موٹر کمپنی نے اکتوبر میں سب سے زیادہ ماہ بہ ماہ اضافہ دکھایا، جس میں فروخت 44 فیصد بڑھ کر 4,529 یونٹس ہو گئی۔
Corolla, Yaris، اور Corolla Cross کی فروخت ماہانہ 41 فیصد اور سالانہ 78 فیصد بڑھ کر 3,742 یونٹس ہو گئی، جبکہ Fortuner اور IMV کی فروخت 58 فیصد ماہانہ اور 83 فیصد سالانہ اضافہ کے ساتھ 787 یونٹس تک پہنچ گئی۔
مالی سال 26 کے پہلے چار ماہ میں، IMC کی مجموعی فروخت 14,418 یونٹس تک پہنچ گئی، جو سال بہ سال 66 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
سالانہ شرح ترقی میں ہنڈائی نِشاط نے جھنڈے گاڑ دیے
ہنڈائی نِشاط موٹرز نے تمام آٹو ساز کمپنیوں میں سب سے زیادہ سالانہ اضافہ دکھایا، جس میں فروخت 82 فیصد بڑھ کر 1,086 یونٹس ہو گئی، جس کی بڑی وجہ Tucson اور Elantra ماڈلز کی مضبوط طلب تھی۔ تاہم، ماہ بہ ماہ فروخت میں 8 فیصد کمی رہی۔
جولائی تا اکتوبر 2025 کے دوران ہنڈائی کی مجموعی فروخت 81 فیصد بڑھ کر 4,698 یونٹس تک پہنچ گئی۔
ہونڈا ایٹلس کی فروخت 72 فیصد سالانہ بڑھی
ہونڈا ایٹلس کارز لمیٹڈ نے اکتوبر میں فروخت میں 72 فیصد سالانہ اور 13 فیصد ماہانہ اضافہ ریکارڈ کیا، جس کی وجہ City اور Civic ماڈلز کی مضبوط طلب تھی۔
مالی سال 26 کے پہلے چار ماہ میں، ہونڈا کی مجموعی فروخت 54 فیصد بڑھ کر 7,487 یونٹس تک پہنچ گئی۔
پاک سوزوکی کی فروخت ماہانہ 18 فیصد کم
پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے اکتوبر میں فروخت میں ماہانہ 18 فیصد کمی دیکھی، جس کی بنیادی وجہ Swift, Ravi، اور Every ماڈلز کی کم فروخت تھی۔
تاہم کمپنی کی سالانہ فروخت 1 فیصد بڑھ گئی، جبکہ پہلے چار ماہ کی مجموعی فروخت 33 فیصد اضافہ کے ساتھ 27,234 یونٹس تک پہنچ گئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








