لاہور میں پاکستان کی پہلی الیکٹرک ٹرین ’ایس آر ٹی‘ کا کامیاب آزمائشی سفر مکمل

تازہ ترین

تازہ ترین

Pakistan’s first urban electric train SRT completes successful trial in Lahore
(Image: We News)

لاہور میں پاکستان کی پہلی الیکٹرک ٹرین سپر آٹونومس ریپڈ ٹرانزٹ (ایس آر ٹی) کا کامیاب آزمائشی سفر مکمل کر لیا گیا جو کہ ملک میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک انقلابی پیش رفت ہے۔

یہ جدید ٹرین تجرباتی طور پر علی ٹاؤن سے مسلم ٹاؤن کے درمیان چلائی گئی جس کی نگرانی خود وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کی۔

وزیراعلیٰ نے معمول کی ٹریفک کے دوران ٹرین کی کارکردگی، سہولیات اور نظم و ضبط کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ مکمل طور پر الیکٹرک ٹرین ہے جو ایک مرتبہ چارجنگ پر 40 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ایس آر ٹی تین کوچز پر مشتمل ہے جن میں 320 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر ایک کوچ کا اضافہ ممکن ہے۔

 

یہ جدید ٹرین چین کی معروف کمپنی نورنکو انٹرنیشنل نے تیار کی ہے جو ترکی، چین، ابوظہبی سمیت کئی دیگر ممالک میں بھی کامیابی سے چلائی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے ٹرین کے ایئرکنڈیشنڈ ڈبوں، جدید ڈیزائن اور مسافر دوست سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پنجاب کے عوام کے لیے ہر روز خوشخبریاں آ رہی ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ ایس آر ٹی نہ صرف لاہور کی ٹریفک میں بہتری کا باعث بنے گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی کا ذریعہ بھی ثابت ہو گی۔

انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ اس ماڈل کو جلد فیصل آباد اور گوجرانوالہ جیسے دیگر شہروں میں بھی متعارف کرایا جائے گا تاکہ شہریوں کو جدید، ماحول دوست اور آرام دہ سفری سہولیات میسر آئیں۔

وزیراعلیٰ کے مطابق لاہور کی خوبصورتی اور شہری انفراسٹرکچر میں مزید نکھار اسی قسم کے عوام دوست منصوبوں سے ممکن ہے، جو ترقی یافتہ اور جدید پنجاب کی عکاسی کرتے ہیں۔

Related Posts