کراچی: آئی ایم ایف سے پیکیج کے حصول کے بعد ملک کے زرِ مبادلہ ذخائر میں 4اعشاریہ 66 کروڑ ڈالرز کا بھاری بھرکم اضافہ ہوا ہے۔اسٹیٹ بینک نے تفصیلات جاری کردیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ملکی زرِ مبادلہ ذخائر میں 4.66کروڑ ڈالرز بڑھ گئے۔ 20 ستمبر تک ملک کے زرِ مبادلہ کے مجموعی ذخائر کا حجم 14اعشاریہ 9 ارب ڈالرز تک جا پہنچا ہے جبکہ مرکزی بینک کے ذخائر میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مرکزی بینک کے ذخائر میں 2اعشاریہ 4کروڑ ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے جس سے مجموعی ذخائر کا حجم 9اعشاریہ 53ارب ڈالرز تک پہنچ گیا۔ کمرشل بینکس کے ذخائر کا حجم 2اعشاریہ 26 کروڑ ڈالرز کے اضافے کے ساتھ 5اعشاریہ 33ارب ڈالرز تک جا پہنچا ہے جس سے معیشت مستحکم ہوگئی۔
حال ہی میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کیلئے 7ارب ڈالرز کے بیل آؤٹ پیکیج کی منظوری دی تھی جس کیلئے پاکستان نے کچھ کڑی شرائط کو تسلیم کیا اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے نان فائلرز کے حوالے سے سخت بیان بھی سامنے آگیا ہے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے بیل آؤٹ پیکیج تو مل گیا، تاہم وزارتِ خزانہ اور معاشی ٹیم کی جانب سے نان فائلرز کو آنکھیں دکھانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ گزشتہ روز سامنے آنے والی تعریف کے مطابق نان فائلر ہر وہ پاکستانی شہری ہے جس کی تنخواہ 50 ہزار ہو اور اس نے انکم ٹیکس گوشوارہ نہ بھرا ہو۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








