پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں تھانے کے اندر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں پولیس اسٹیشن کی عمارت منہدم ہوگئی، ایک اہلکار شہید جبکہ 34افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دھماکہ تھانہ صوابی سٹی کے مال خانے میں ہوا، دھماکے کے نتیجے میں ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں سمیت 34افراد زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ کچھ افراد منہدم عمارت کے ملبے تلے دب گئے۔
ملبے تلے دبے ہوئے افراد کو نکالنے کیلئے آپریشن جاری ہے۔ باچا خان میدیکل کمپلیکس میں ایمرجنسی کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے۔ زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ ڈائریکٹر اسپتال کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو علاج کی فراہمی جاری ہے۔
خیبر پختونخوا پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ پولیس اسٹیشن کے اسلحہ ایمونیشن والے کمرے میں ہوا جبکہ ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکے کی وجہ شارٹ سرکٹ ہوسکتی ہے تاہم دھماکے کی نوعیت کے متعلق مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد بھڑک اٹھنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اور چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا کو فوری جائے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت کردی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








