پاکستان نے اپنی سائنسی اور تکنیکی صلاحیتوں میں ایک اور درخشاں اضافہ کرتے ہوئے جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے مدار میں بھیج دیا۔ یہ کامیابی ملک کی خلائی تحقیق اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، سیٹلائٹ کو چین کے زیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں روانہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی، احسن اقبال نے لانچ تقریب میں شرکت کی اور اسے پاکستان کی سائنسی و اسٹریٹجک ترقی کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔
یہ سیٹلائٹ جدید زمینی مشاہداتی ٹیکنالوجی سے لیس ہے جو سیلاب، زلزلے اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے قدرتی آفات کی پیشگی انتباہ فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ، یہ زراعت کے شعبے کے لیے زمین کے استعمال اور فصلوں کی نگرانی سے متعلق قیمتی ڈیٹا فراہم کرے گا، جو ملکی معیشت کے لیے نہایت اہم ہے۔
اس تاریخی موقع پر پاکستان کی قومی خلائی ایجنسی سپارکو (SUPARCO) نے کراچی اور اسلام آباد میں خصوصی لائیو نشریاتی پروگرامز کا اہتمام کیا جن کے ذریعے شہریوں اور ماہرین نے اس لانچ کو براہِ راست دیکھا۔
یہ کامیابی پاکستان کے خلائی پروگرام کی مضبوطی اور عالمی سطح پر اس کی سائنسی شناخت کو اجاگر کرتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








