ملک بھر میں چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور مصنوعی قلت کے بحران نے عوام کو پریشان کر رکھا تھا لیکن اب وفاقی حکومت نے اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے فیصلہ کن قدم اٹھا لیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق، 19 لاکھ میٹرک ٹن چینی کا ذخیرہ، جو شوگر ملز کے پاس تھا اب براہِ راست حکومتی کنٹرول میں لے لیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور مارکیٹ میں قلت پیدا کرنے کی کوششوں کے پیشِ نظر کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف چینی کی دستیابی بہتر ہوگی بلکہ قیمتوں کو بھی کنٹرول میں رکھا جا سکے گا۔
مزید برآں، تمام شوگر ملز میں چینی کے اسٹاک کی کڑی نگرانی کے لیے ایف بی آر کے خصوصی ایجنٹس تعینات کر دیے گئے ہیں۔ وزارتِ فوڈ کے حکام نے واضح کیا کہ یہ سخت اقدامات اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہیں کہ چینی کی قلت کا فائدہ اٹھا کر کوئی غیر قانونی منافع خوری نہ کر سکے۔
حکومت کا یہ فیصلہ عوام کے لیے ایک بڑی راحت ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ چینی کی قیمتوں میں استحکام سے روزمرہ زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








