اسلام آباد:فٹبال کھیل کی عالمی گورننگ باڈی فیفا (FIFA) سے پاکستان کی رْکنیت معطل ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے جس کا عندیہ بھی فیفا کی جانب سے دے دیا ہے۔
فیفا نے نارملائزیشن کمیٹی کے نام خط میں کہا کہ اگر معاملات حل نہ ہوئے تو پی ایف ایف کے فٹبال ہاؤس میں دراندازی کا معاملہ کانگریس اجلاس میں لے جایا جائے گااور وہاں فیصلہ کیا جائے گا۔
فیفا کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رْکنیت معطل کرنے کا خدشہ ظاہر کردیاگیا ہے۔فٹبال کھیل کی عالمی گورننگ باڈی نے پی ایف ایف کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک کے نام خط میں کہا کہ پاکستان فٹبال کے معاملات ہارون ملک کی سربراہی میں نارملائزیشن کمیٹی چلانے کی مجاز ہے۔
فیفا کے خط میں کہا گیا ہے کہ بدھ 31 مارچ کی رات تک فیڈریشن کا چار ج ہارون ملک کے حوالے نہ کیا گیا تو پاکستان فٹبال کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور رکنیت معطل کی جاسکتی ہے۔
فیفا کے خط میں میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ایف ایف کے فٹبال ہاؤس میں دراندازی کا معاملہ کانگریس اجلاس میں لے جایا جائے گا۔فیفا نے متنبہ کیا کہ اگر فیڈریشن کے حالات بہتر نہ ہوئے تو پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔