پاکستان کے نعمان علی دنیا کے دوسرے بہترین ٹیسٹ بولر بن گئے، پہلی پوزیشن کیلئے کتنے پوائنٹس درکار؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Pakistan’s Noman Ali Becomes World’s Second-Best Test Bowler
ONLINE/ FILE PHOTO

پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی جہاں ٹیم کے لیے کامیابیوں کا باعث بن رہی ہے وہیں اسپنر نعمان علی کے لیے بھی غیر معمولی اعزازات کا سبب بنی ہے، آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں نعمان علی شاندار کارکردگی کے باعث دنیا کے دوسرے بہترین بولر کے طور پر ابھرے ہیں۔

بائیں ہاتھ کے 39 سالہ اسپنر نے جنوبی افریقہ کے خلاف لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 112 رنز کے عوض 6 اور دوسری اننگز میں 79 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، جس کی بدولت پاکستان نے 93 رنز سے فتح حاصل کی اور دو میچوں کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سیریز میں برتری حاصل کی۔

اس کارکردگی کے بعد نعمان علی چار درجے ترقی پا کر آئی سی سی ٹیسٹ بولرز رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے۔

ان کے مجموعی ریٹنگ پوائنٹس 853 ہیں جو بھارت کے جسپریت بمرا سے صرف 29 کم ہیں، جو اس وقت 882 پوائنٹس کے ساتھ دنیا کے نمبر ون بولر ہیں۔

یہ اعزاز مزید اہم اس لیے ہے کہ نعمان علی پاکستان کے ساتویں بولر بن گئے ہیں جنہوں نے آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں 850 پوائنٹس کی حد عبور کی، اور 2016 میں یاسر شاہ کے بعد ایسا کرنے والے پہلے پاکستانی بولر ہیں۔

دیگر بولرز میں شاہین شاہ آفریدی دو درجے ترقی کے بعد 19 ویں نمبر پر آگئے جبکہ ساجد خان اپنی 21 ویں پوزیشن پر برقرار ہیں۔

بیٹنگ رینکنگ میں محمد رضوان 16 ویں، بابر اعظم 22 ویں، اور سلمان علی آغا 30 ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ سعود شکیل 13 ویں نمبر پر پاکستان کے ٹاپ بیٹر ہیں۔

کرکٹ ماہرین کے مطابق اگر نعمان علی آئندہ میچ میں بھی اپنی شاندار کارکردگی برقرار رکھتے ہیں تو امکان ہے کہ وہ بھارت کے بمرا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے نمبر ون ٹیسٹ بولر بن جائیں۔

Related Posts