پاکستانی خاتون پولیس افسر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس انعم شیر خان کو دبئی میں “کرمنل انویسٹی گیشن ایوارڈ سے نوازا گیا ہے،یہ اعزاز اُن کی غیرمعمولی تفتیشی مہارت اور پیشہ ورانہ کارکردگی کے اعتراف میں دیا گیا۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ بین الاقوامی ایوارڈ دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں دبئی پولیس کے کمانڈر انچیف نے پیش کیا۔
اس اعزاز سے نہ صرف انعم شیر خان کی قابلیت کو عالمی سطح پر سراہا گیا بلکہ پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی نمایاں کیا گیا۔
انعم شیر خان کو یہ اعزاز پنجاب میں دو ہائی پروفائل قتل کیسز کی کامیاب قیادت اور حل کرنے پر دیا گیا۔ پہلے واقعے میں انہوں نے 12 سالہ گھریلو ملازمہ عائشہ بی بی کے اندوہناک قتل کی تفتیش کی نگرانی کی۔
Pakistani female police officer wins international award at World Police Summit. ASP Anum Sher Khan won first position in the Excellence in Criminal Investigation Award 2025 category at a ceremony held at the World Trade Center Dubai. pic.twitter.com/HIg6cAvpLu
— Khaleej Mag (@KhaleejMag) May 16, 2025
ان کی قیادت میں سرگودھا پولیس نے 72 گھنٹوں کے اندر ملزمان کو گرفتار کر لیا جس پر عوام اور اعلیٰ حکومتی حلقوں بشمول وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔
دوسرے اہم کیس میں ایک نوجوان محسن کے قتل کے بعد انہوں نے صرف 24 گھنٹوں کے اندر مجرموں کو گرفتار کر کے انصاف کو یقینی بنایا۔
ان دونوں کیسز میں انعم شیر خان نے نہ صرف فوری اور مؤثر تفتیش کا مظاہرہ کیا بلکہ انصاف کی بروقت فراہمی کو بھی یقینی بنایا۔ ان کی ان کامیابیوں پر پنجاب پولیس کی جانب سے پہلے ہی ان کی خدمات کو سراہا جا چکا ہے۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ کسی پاکستانی خاتون پولیس افسر کا اس بین الاقوامی ایوارڈ کے لیے منتخب ہونا پاکستان پولیس کے لیے باعثِ فخر ہے۔
ایوارڈ کمیٹی نے سخت جانچ پڑتال اور انٹرویوز کے بعد پنجاب پولیس کے دو افسران کو اس ایوارڈ کے لیے منتخب کیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ضلع قصور کے ڈی پی او محمد عیسیٰ خان کو “پولیسنگ میں مصنوعی ذہانت کے بہترین استعمال” کے زمرے میں دوسرا ایوارڈ دیا گیا۔
دنیا بھر کے 192 ممالک سے پولیس افسران نے اس عالمی تقریب میں شرکت کی اور مختلف شعبوں میں اپنی نمایاں کارکردگی پیش کی۔انسپکٹر جنرل پولیس نے دونوں افسران کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کا مثبت تشخص عالمی سطح پر اجاگر کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








