پاکستان سپر لیگ 10کا سلسلہ آج سے دوبارہ شروع ہونے جا رہا ہے جہاں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان انتہائی دلچسپ مقابلہ ہوگا، یہ ٹورنامنٹ کا 27واں میچ ہوگا۔
پی ایس ایل ایکس کا یہ مقابلہ رات 8 بجے شروع ہوگا جس میں ملکی اور غیر ملکی کھلاڑی ایک بار پھر ایکشن میں دکھائی دیں گے ،میچز دوبارہ شروع ہونے پر ملک بھر کے کرکٹ شائقین میں جوش و خروش کی نئی لہر دوڑ گئی ہے۔
یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے حالیہ حملے کے بعد پاکستان میں باقی تمام میچز وقتی طور پر معطل کر دیے گئے تھے تاہم پاکستان کی جانب سے سخت اور مؤثر جوابی کارروائی کے بعد پی ایس ایل دوبارہ اپنے شیڈول کے مطابق بحال کر دیا گیا ہے اور اب لیگ وہیں سے شروع ہوگی جہاں سے رکی تھی۔
پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز آٹھ میں سے پانچ میچز جیت کر دوسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ پشاور زلمی آٹھ میچز میں سے چار میں کامیابی حاصل کر کے پانچویں پوزیشن پر ہے۔
اتوار 18 مئی کو دو میچز کھیلے جائیں گے جن میں ملتان سلطانز کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا جبکہ پشاور زلمی کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہو گا۔
19 مئی کو شاداب خان کی قیادت میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان لیگ کا آخری میچ کھیلا جائے گا۔کوالیفائر، ایلیمینیٹر 1 اور 2 اور فائنل میچز 21 مئی سے 25 مئی کے درمیان لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








